پروفیسر سید اظفر رضوی
نائب معتمداعزازی وخازن،
انجمنِ ترقّئ اُردو پاکستان، کراچی
آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم کا آغاز ڈھاکا سے کیا جب کہ کراچی یونی ورسٹی سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی انھوں نے تعلیم سے فارغ ہوکر وطن پاک کے نوجوان کو بہتر مستقبل کے حصول کے لیے ان کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو اپنی زندگی کا مشن بنالیا۔ انھوں نے کریم آباد کے دو کمروں پر مشتمل فلیٹ سے اس مشن کا آغاز کیا اور 27سال گزرنے کے بعد تقریباً 60 ہزار طلبہ اور طالبات ڈھاکا گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہوچکے ہیں اور معیاری تعلیم کے حوالے سے اہل کراچی ڈھاکا گروپ کو لازم ملزوم تصور کرتے ہیں۔
ان کی تعلیمی خدمات کے پیش نظر انجمن ترقئ اُردو کے صدر نشین جناب آفتاب احمد خان اور معتمد اعزازی ڈاکٹر جمیل الدین عالی نے سید اظفررضوی کو وفاقی اردو یونی ورسٹی کے سنڈیکٹ کے لیے انجمن کا نمائندہ مقرر کیا جب کہ ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے صدرانجمن آفتاب احمد خان اور معتمداعزازی ڈاکٹر جمیل الدین عالی نے ان کو انجمن کا اعزازی مشیرمالیات مقرر کیا، وہ یہ ذمے داریاں بطریقِ احسن سرانجام دے رہے ہیں۔
مذکورہ بالا ذمے داریوں کے علاوہ جناب اظفررضوی اس وقت ڈھاکا گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے چیئرمین ہیں، چیئرمین باب الاسلام ایجوکیشن سوسائٹی، اعزازی خازن ہمارا کراچی فاؤنڈیشن، صدر دائرۂ ادب و ثقافت انٹرنیشنل ہیں، چارٹرڈ پریذیڈنٹ لائنز کلب انٹرنیشنل، نائب صدر، کارڈئیک کیئر سوسائٹی کراچی، جب کہ ڈائریکٹر آرس یو کے لندن بھی ہیں، علاوہ ازیں انھوں نے امریکا، برطانیہ، سوئٹزرلینڈ، اسپین، اٹلی، مراکش، سعودی عرب، ایران، بھارت، متحدہ عرب امارات، ہانگ کانگ، ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا کے مطالعاتی دورے کیے اور کئی عالمی پروفیشنل تنظیموں کے انتظامی، مالیاتی، تربیتی ورکشاپس اور سیمینار میں حصہ لیا، جس میں برٹش کونسل کراچی، اسٹیٹ لائف کارپوریشن آف پاکستان، چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ برائے ٹرانسپورٹ برطانیہ شامل ہیں۔
سماجی اور ثقافتی خدمات
اظفر رضوی نے سندھ گورنمنٹ ہسپتال لیاقت آباد میں لائنز کلب انٹرنیشنل کے تعاون سے ای۔این۔ٹی وارڈ کی تزئین و آرائش کروائی اور سندھ گورنمنٹ ہسپتال کے ایمرجنسی سینٹر میں فرینڈ آف کارڈئیک کیئر کی تنظیم کے نائب صدر کی حیثیت سے بیش بہا خدمات سرانجام دے رہے ہیں، علاوہ ازیں کراچی آرٹس کونسل میں بطور خازن مالی اور انتظامی قوانین مرتب کیے، آپ کو 1985 میں قائد اعظم ایوارڈ برائے بہترین استاد سے نوازا گیا، لائنز کلب انٹرنیشنل ’’مالوین جون‘‘ ایوارڈ امریکا میں دیا گیا، جب کہ’’ بہترین لائنز‘‘ کا ایوارڈ اندرون ملک دیا گیا، اعلیٰ تعلیمی خدمات پر ’’اعتراف کمال‘‘ ایوارڈ مانچسٹر میں فرینڈ آف پاکستان کی طرف سے دیا گیا، کراچی بندرگاہ کے ڈاک لیبر بورڈ کے محنت کشوں کی طرف سے نقش محنت ایوارڈ دیا گیا، ادارۂ وقارِ ادب کراچی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2002 میں برائے تعلیمی خدمات دیا گیا، ینگ ویلفیئر کلچرل سوسائٹی نے 2004 کے لیے قائد اعظم تعلیمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔